نئی دہلی ،03؍ ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے گذشتہ 10دس دن سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے پاٹی دارآرکشن آندولن سمیتی(پاس)کے رہنما ہاردک پٹیل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پورا سماج ان کے ساتھ ہے۔ ان کی یہ محنت رائیگاں نہیں جائے گی۔
وزیرا علیٰ نے پیر کے روز ہاردک پٹیل کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کر کہاکہ کسانوں کی قرض معافی ہونی چاہیے۔ ہاردک پٹیل غریب کسانوں کی لڑائی لڑرہے ہیں۔ تمام کسان اور پورا سماج ان کے ساتھ ہے۔ ا ن کی محنت رائیگاں نہیں جائے گی۔ پربھو انہیں شکتی دیں۔دراصل ہاردک نے ٹویٹ کر کہا تھا کہ کسانوں کی قرض معافی اور ریزرویشن کی مانگ کوریاست کی سب سے بڑی پٹیل سماج تنظیم اور کل دیوی شری امریا دھام مندر نے حمایت دی ہے۔ یہ تو صرف انگڑائی ہے، آگے اور لڑائی ہے۔ آہستہ آہستہ ریاست کے ہر شخص میں مکمل عوامی انقلاب کی لو جلے گی ، بری طاقت کو شکست دیں گے۔ان کے اس ٹویٹ پر عام آدمی کے کنوینر اروند کیجریوال نے حمایت کا اظہار کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پٹیل گذشتہ دس دن سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔ انہوں نے کسانوں کی قرض معافی کے اعلان ہونے تک کچھ نہ کھانے کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران وہ پانی پینا چھوڑ چکے ہیں۔ اس سے ان کی طبیعت کافی خراب ہو گئی ہے۔ ان کی صحت میں کمی آنے کی وجہ سے گجرات میں تشدد پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہ۔ ریاستی حکومت اس کے پیش نظر دفعہ۔144نافذ کر چکی ہے۔